Sunday, September 8, 2024

مٹھی بھر گمراہ عناصر بلوچستان کے عوام اور مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، آرمی چیف

مٹھی بھر گمراہ عناصر بلوچستان کے عوام اور مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، آرمی چیف
March 9, 2023 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ مٹھی بھر گمراہ عناصر بلوچستان کے عوام اور مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گوادر کا دورہ کیا، جہاں سپہ سالار کو موجودہ سکیورٹی صورتحال، فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں، سی پیک سکیورٹی، پرامن اور محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کی کاوشوں پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے بلوچستان کے عوام کی بھلائی کے لیے پیشہ وارانہ عزم کے ساتھ کام جاری رکھنے پر زوردیا۔ آرمی چیف نے مقامی معززین، منتخب نمائندوں، زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے بات چیت بھی کی۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ مٹھی بھر گمراہ عناصر بلوچستان کے عوام اور مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ بلوچستان کے عوام اور مسلح افواج صوبے میں امن، خوشحالی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے تعلیم، شمسی توانائی نظام کی تنصیب، ماہی گیری، پانی، صحت، کھیل اور معاش سے متعلق فلاحی منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔

سپہ سالار کے دورے کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان عبد القدوس بزنجو اور کور کمانڈر کوئٹہ بھی ہمراہ تھے۔