Friday, April 26, 2024

متحدہ اپوزیشن کا کل یومِ تشکر اور یومِ تحفظ آئین منانے کا اعلان

متحدہ اپوزیشن کا کل یومِ تشکر اور یومِ تحفظ آئین منانے کا اعلان
April 7, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - متحدہ اپوزیشن نے کل یومِ تشکر اور یومِ تحفظ آئین منانے کا اعلان کردیا۔ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ کل ملک بھر میں متحدہ اپوزیشن کے تحت دعائیہ اجتماعات ہوں گے۔

ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کے مطابق کل تحفظ آئین کے نام سے ہونے والے مظاہرے اب یوم تشکر کے نام سے ہونگے۔ کراچی پریس کلب پر متحدہ اپوزیشن کے تحت اجتماع ہوگا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ عدلیہ نے آئین کی روح کے مطابق فیصلہ دیا۔ آئین اور جمہوریت کی فتح پر تمام قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انشاء اللہ قوم جلد ترقی کا سفر دوبارہ شروع کرے گی۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن رہنماء شہبازشریف نے کہا کہ فیصلے پر شکرانے کے 2 نفل ادا کئے جائیں۔ اللہ تعالیٰ نے عوام کی دعائیں قبول کرلیں، عدالت نے پارلیمان اور آئین کا تقدس بحال کیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ آج کے عدالتی فیصلے سے جمہوریت اور آئین کی جیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کو کہتا ہوں کہ جس انداز سے یہ فیصلہ دیا گیا پاکستان کی جمہوریت، آئین اور اداروں کا تحفظ ہوا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ 2018ء جو داغ ہیں وہ کافی حد تک دھل چکے ہیں، ہم اب شفاف الیکشن کی طرف بڑھیں گے۔ پیپلز پارٹی اور متحدہ اپوزیشن کا مقصد پورا ہو چکا، ہم آگے جا کر عوام کی اُمیدوں پر پورا اتریں گے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ میں یہی کہوں کا کہ جمہوریت ہی بہترین بدلہ ہے، یہ فیصلہ نہ اپوزیشن کے حق میں نہ حکومت کہ بلکہ یہ فیصلہ آئین کے حق میں ہے، یہ عدالتی فیصلہ سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔ ہم قائد حزب اختلاف سے ملاقات کرکے تحریک عدم اعتماد کے معاملے کو پورا کریں گے۔ مزید بولے کہ جہاں تک بیرونی سازش کی بات ہے تو پیپلزپارٹی اس طرح کے جھوٹے الزامات کا مقابلہ کرتی رہی ہے۔