متحدہ اپوزیشن کا چودھری پرویز الہی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کا حتمی فیصلہ

لاہور (92 نیوز) - متحدہ اپوزیشن کی طرف سے چودھری پرویز الہی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیاـ چودھری پرویزالہی وزیراعلیٰ پنجاب بننے کو تیار ہیں یا نہیں، 24 گھنٹے میں سامنے آنے کا امکان ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آگئی، ذرائع نے بتایا کہ متحدہ اپوزیشن کی طرف سے چودھری پرویز الہٰی کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنانے کا حتمی فیصلہ ہوگیا ہے۔
چودھری پرویزالہی کو مولانا فضل الرحمان اور آصف علی زرداری باقاعدہ یہ اطلاع دے چکے ہیں، ذرائع کے مطابق چودھری پرویز الہی کے حوالے سے نوازشریف کے خدشات بھی دور کیے جا چکے ہیں۔
آصف علی زرداری کی جانب سے واضح پیغام دیا گیا تھا کہ چودھری پرویز الہٰی کو وزیراعلیٰ پنجاب نہیں بنایا جاتا تو پیپلزپارٹی تحریک عدم اعتماد کا حصہ نہیں بنے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے چودھری پرویزالہٰی کے فیصلے کا چوبیس گھنٹے میں اعلان کیا جائے گا۔