Friday, April 26, 2024

مصر کی ثالثی میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ہوگئی

مصر کی ثالثی میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ہوگئی
August 8, 2022 ویب ڈیسک

غزہ/ یروشلم (92 نیوز) - مصر کی ثالثی میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ہوگئی۔

غزہ میں 15 معصوم بچوں سمیت 44 افراد کی شہادت اور 300 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کے بعد اسلامی اتحاد اور اسرائیلی فوج میں جنگ بندی ہوگئی۔

اسرائیلی آباد کاروں نے مسجد اقصی کے صحن پر بھی دھاوا بولا، بے حرمتی کی۔ پاکستان کی جانب سے اسرائیلی آباد کاروں کے حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

دو روزہ جھڑپوں میں تمام خون فلسطینیوں کا بہا، اسلامی اتحاد کے جوابی راکٹ حملوں میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ ترجمان اسلامی جہاد کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کیلئے مصر کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

اسرائیلی بمباری سے غزہ میں درجنوں گھر تباہ ہوچکے ہیں، بجلی اور پانی کی نظام بھی تباہ ہوگیا ہے۔ اسرائیلی ناکہ بندی کی وجہ سے بیرونی امداد نہیں پہنچ رہی، اسپتالوں میں بھی جنریٹر چلانے کیلئے صرف 2 دن کا ایندھن باقی رہ گیا ہے۔

مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے بارے میں اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیز کا کہنا ہے اسرائیلی حملے غیر قانونی ہیں، اسرائیل کو دفاع کا حق دینے پر انہوں نے امریکا پر شدید تنقید کی، ان کا مزید کہنا تھا کہ غزہ انسانی بحران کے دھانے پر ہے، امداد پہنچانے کے لئے ناکہ بندی ختم کی جائے۔

فلسطینی اتھارٹی کے وزیراعظم محمد شتیہ نے پریس کانفرنس میں شہید ہونے والے بچوں کی تصاویر دکھائیں اور کہا کہ ان بچوں کی تصاویر کو دیکھ کر عالمی ضمیر جاگ جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری اسرائیل کی بربریت کو روکنے میں مدد کرے۔

اِدھر ترک وزیر خارجہ میولت چاوش نے حماس کے سربراہ اسماعیل حانیہ کو ٹیلی فون کیا اور اسرائیلی حملوں پر اور جنگ بندی پر تبادلہ خیال کیا۔ ترک وزارت خارجہ کے مطابق ٹیلی فون کال میں اسرائیلی حملوں اور اسرائیلیوں کی طرف سے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں دراندازی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔