Saturday, April 27, 2024

مصر اور بولیویا کا جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری طیارے خریدنے میں اظہارِدلچسپی

مصر اور بولیویا کا جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری طیارے خریدنے میں اظہارِدلچسپی
November 27, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پاکستانی لڑاکا طیارے جے ایف 17 تھنڈر کی مانگ بڑھنے لگی، ذرائع کے مطابق مصر اور بولیویا نے جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری طیارے خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کردیا۔

ارجنٹائن، عراق، آذربائیجان اور دیگر بھی یہ جدید لڑاکا طیارے خریدنا چاہتے ہیں۔ آئندہ سال جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی دنیا میں تعداد 200 سے بڑھ جائے گی، تاحال 150 سے زیادہ جے ایف 17 تھنڈر طیارے پاکستان، میانمر، نائجیریا کے زیر استعمال ہیں۔

رواں ماہ بحرین بین الاقوامی ایئرشو میں کئی ممالک کی جے ایف 17 تھنڈر طیاروں پر گہری نظر رہی۔ چین زوہے میں منعقدہ بین الاقوامی ایوی ایشن، ایروسپیس نمائش میں بھی جے ایف 17 تھنڈر مرکز نگاہ تھا۔ لڑاکا طیارے کا بلاک تھری ورژن جدید ریڈارز، ڈیجیٹل نظام، بہترین ایوی آنکس، مہلک ہتھیاروں سے لیس ہے۔ جے ایف 17 تھنڈر ترقی پذیر دنیا کے لیے 15 سے 25 ملین ڈالر کا سستا ترین ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے۔

پاک فضائیہ 50 سے زیادہ جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری بیڑے میں شامل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ پاک فضائیہ اس وقت 135 سے زائد جے ایف 17 تھنڈر طیارے استعمال کر رہی ہے۔

پاک فضائیہ کے اس قومی فخر نے انسداد دہشتگردی کی جنگ میں اہم کردار ادا کیا۔ جے ایف 17 تھنڈر طیارے نے بھارتی جارحانہ عزائم کو شکست دی، 2017ء میں ایرانی ساختہ ڈرون مار گرایا۔