Friday, March 29, 2024

مسلم لیگ قاف میں بڑی بغاوت، طارق بشیر چیمہ پارٹی کے سیکرٹری جنرل کے عہدے سے فارغ

مسلم لیگ قاف میں بڑی بغاوت، طارق بشیر چیمہ پارٹی کے سیکرٹری جنرل کے عہدے سے فارغ
July 29, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - مسلم لیگ قاف میں بڑی بغاوت ہو گئی۔ طارق بشیر چیمہ پارٹی کے سیکرٹری جنرل کے عہدے سے فارغ کر دیئے گئے۔

ق لیگ کی سیاست میں اہم موڑ آ گیا۔ مسلم لیگ ق کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا ہے۔ اجلاس کی صدارت سینیٹر کامل علی آغا  نے کی۔ اجلاس میں چودھری شجاعت اور طارق بشیر چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔ دس روز  میں  نئے پارٹی انتخابات کرانے کا فیصلہ بھی ہوا۔ پانچ رکنی الیکشن کمیشن بھی  بنا دیا جبکہ جہانگیر اے جوجہ الیکشن کمشنر ہونگے۔

پارٹی اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے متعلق سینیٹر کامل علی آغا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چودھری  شجاعت حسین  کی صحت کی وجہ سے  فیصلہ کیا ہے۔ انھیں صدارت سے علیحدہ کر دیا جائے اور طارق بشیر چیمہ کو بھی فارغ کر دیا گیا۔

کامل علی آغا نے مزید کہا کہ جیسی صورتحال پہلے تھی دوبارہ ہونے کا بھی اندیشہ تھا جس کی وجہ سے  ہنگامی اجلاس بلایا گیا۔

اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالہٰی کے حق میں قرارداد پیش کی گئی اور اجلاس میں ارکین اسمبلی کو ہدایت کی گئی ہے کہ سپیکر کے الیکشن میں  پی ٹی آئی کے امیدوار سبطین خان کو ووٹ دیں۔