Wednesday, April 24, 2024

مسلم لیگ نون کا عمران خان کے ساتھ پیشگی شرط پر مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ

مسلم لیگ نون کا عمران خان کے ساتھ پیشگی شرط پر مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ
December 2, 2022 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) - مسلم لیگ نون نے عمران خان کے ساتھ پیشگی شرط پر مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ویڈیو لنک پر قائد نوازشریف کی زیرصدارت ن لیگ کی قیادت کے اہم مشاورتی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی سینئر قیادت نے اجلاس کو بریفنگ دی کہ اسمبلیوں کی تحلیل کا عمران خان کا بیان فیس سیونگ کے لیے ہے۔

اجلاس میں پیشگی شرائط کے بغیر پی ٹی آئی سے مذاکرات پر اتفاق کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب اسمبلی تحلیل کئے جانے کے فیصلے پر قانونی ماہرین نے آئینی آپشن استعمال کرنے سے متعلق آگاہ کیا۔ آئینی ماہرین نے وزیراعلی پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور گورنر کے اعتماد کے ووٹ  کا کہنے کے علاوہ بھی آپشنز سامنے رکھے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے بھی مشاورت کا فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب میں تمام اتحادیوں اور پیپلزپارٹی کے ارکان کی مشاورتی بیٹھک کے حوالے سے حمزہ شہباز نے بریفنگ دی۔

اجلاس میں آئندہ عام انتخابات کی تیاریاں کے حوالے سے بھی لیگی رہنماؤں نے تجاویز پیش کیں۔ ملک بھر میں ن لیگ کی انتخابی سیاست کے حوالے سے اہم اعلانات جلد متوقع ہیں۔