Friday, March 29, 2024

مسلم لیگ ن کا اقتدار میں آکر مبینہ بیرونی سازش کی تحقیقات کرانیکا اعلان

مسلم لیگ ن کا اقتدار میں آکر مبینہ بیرونی سازش کی تحقیقات کرانیکا اعلان
April 8, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - مسلم لیگ ن نے اقتدار میں آکر مبینہ بیرونی سازش کی تحقیقات کرانے کا اعلان کردیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنماؤں زبیر عمر، مفتاح اسماعیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا عمران خان نے ڈپلومیسی کی روح کو تباہ کردیا، ایک آزاد کمیشن بنا کر تحقیقات کرائیں گے، جو بھی کردار ملوث ہوا کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کسی سرپرائز کی گنجائش نہیں رہ گئی، واحد راستہ رائے شماری کا بچا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کل پاکستان کی تاریخ میں ایک سنہرا باب لکھا گیا، عدلیہ نے اتفاق رائے سے آئین کی بالادستی قائم رکھنے کا فیصلہ کیا۔ یہ کسی جماعت کی فتح اور کسی کی شکست کا فیصلہ نہیں، 22 کروڑ عوام کی اُمنگوں کا فیصلہ ہے۔

لیگی رہنماء نے کہا کہ آئین کی پاسداری پر سب متفق ہیں، آئین ریاست کے شہریوں کے حقوق کا ضامن ہوتا ہے، جس ریاست میں آئین بے وقعت ہوجائے وہ کھوکھلی ہوجاتی ہے۔ 3 اپریل 2022ء کو آئین شکنی کی گئی جو سیاہ الفاظ میں لکھی جائے گی۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک سویلین حکومت نے آئین توڑنے کی کوشش کی۔ عمران نیازی ملکی اداروں کو داؤ پر لگانے کے در پر ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ آپ کے 4 سالہ دور اقتدار کی معاشی صورتحال سب کے سامنے ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے نے روپیہ کو تھوڑا سا بہتر کیا، اسٹاک مارکیٹ بہتر ہوئی، اس ریکوری کو دوبارہ کریش کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔