Friday, April 19, 2024

مسلم لیگ ن اور ق لیگ کے رہنماؤں کی ملاقات، تحریک عدم اعتماد پر تبادلہ خیال

مسلم لیگ ن اور ق لیگ کے رہنماؤں کی ملاقات، تحریک عدم اعتماد پر تبادلہ خیال
March 27, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - مسلم لیگ ن اور ق لیگ کے رہنماؤں کی ملاقات ہوئی جس میں تحریک عدم اعتماد اور موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے وفد کی چوہدری برادران کی رہائش گاہ آمد ہوئی۔ چوہدری سالک حسین اور حسین الہیٰ نے لیگی وفد کا استقبال کیا۔ ن لیگ کے وفد نے چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات کی جس میں تحریک عدم اعتماد، موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی سپورٹ کے لئے مسلم لیگ ن کا وفد آیا ہے۔ ایم کیو ایم، باپ اور ہمارے اپنے مسائل ہیں۔ تمام اتحادی مل کر ہی فیصلہ کریں گے۔

لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان نے پونے چار سال معیشت کو تباہ کیا۔ اپوزیشن کا قیمہ کرنے کی کوشش کی۔ عمران خان کی کوئی کارکردگی نہیں۔ ہمارے بیچ دوریاں نہیں برف پگھل چکی ہے۔

خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ  نوازشریف کی چوہدری برادران سے متعلق خبر میں حقیقت نہیں۔