Saturday, July 27, 2024

دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے ہمارا عزم کمزور نہیں کر سکتے، آرمی چیف

دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے ہمارا عزم کمزور نہیں کر سکتے، آرمی چیف
September 1, 2023 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج مادر وطن سے دہشتگردی کو ہر قیمت پر ختم کرے گی۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بنوں کا دورہ کیا، بنوں آمد پر آرمی چیف کو خودکش دھماکے، سکیورٹی سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور اُن کے عزم کو سراہا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سی ایم ایچ کا بھی دورہ کیا اور وہاں زیر علاج دھماکے میں زخمی جوانوں کی عیادت کی، صحت بارے دریافت کیا، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے انسداد دہشتگردی کے خاتمہ کے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ پاکستان میں امن و استحکام ہمارے شہداء کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن سے دہشتگردی کے ناسور کے ہر قیمت پر خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

اس سے قبل جانی خیل میں موٹر سائیکل پر خود کش حملہ کے نتیجہ میں شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کی نماز جنازہ بنوں کینٹ میں ادا کی گئی، تمام شہدا کو ان کےآبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ گذشتہ روز بنوں کے علاقہ جانی خیل میں خود کش حملہ آور نے اپنی موٹر سائیکل فوجی قافلہ کی گاڑی سے ٹکرا دی تھی، جس کے نتیجے میں 9 جوان شہید ہوگئے تھے۔