Friday, May 3, 2024

مسلح افواج خود کو سیاست سے دور کر چکیں اور دور ہی رہنا چاہتی ہیں، آرمی چیف

مسلح افواج خود کو سیاست سے دور کر چکیں اور دور ہی رہنا چاہتی ہیں، آرمی چیف
October 5, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے مسلح افواج خود کو سیاست سے دور کر چکیں اور دور ہی رہنا چاہتی ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کے ظہرانے میں شرکت کی۔ آرمی چیف کی واضح اور دوٹوک غیررسمی گفتگو کے بعد آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع اور فوج کو سیاست میں ملوث کرنے بارے قیاس آرائیوں پر مبنی تمام تجزیے اور تبصرے دم توڑ گئے ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مسلح افواج سیاست سے دور رہنا چاہتی ہیں۔ اپنے وعدے کے مطابق عمل کرتے ہوئے مدت پوری ہونے پر عہدے سے سبکدوش ہو جاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ لاغر ملکی معیشت کو بحال کرنا معاشرے کے تمام طبقات کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ مضبوط معیشت کے بغیر قوم اپنے اہداف حاصل نہیں کرسکتی۔ مضبوط معیشت کے بغیر کوئی سفارت کاری نہیں ہو سکتی۔