Thursday, April 18, 2024

مشترکہ مفادات کونسل نے ساتویں مردم شماری کے انعقاد کی منظوری دیدی

مشترکہ مفادات کونسل نے ساتویں مردم شماری کے انعقاد کی منظوری دیدی
January 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) مشترکہ مفادات کونسل نے ساتویں مردم شماری کے انعقاد کی منظوری دے دی۔ مردم شماری ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، جی آئی ایس مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے۔ ساتویں مردم شماری کے انعقاد اور مردم شماری مانیٹرنگ کمیٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔

فیصلہ ہوا کہ ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، تمام صوبائی چیف سیکرٹریز چیئرمین نادرا، چیف کمشنر اسلام اور دیگر اعلیٰ حکام پر مشتمل کمیٹی مردم شماری کی سرگرمیوں کی نگرانی کرے گی۔

مردم شماری سے قبل خانہ شماری کرائی جائے گی۔دوران اجلاس صوبوں کے موقف اور پانی سے متعلق مسائل پر مفاہمت کیلئے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، کمیٹی کراچی کیلئے پانی کی اضافی ضروریات کے معاملے کو دیکھے گی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس نے مالی سال 2020-21 کیلئے مشترکہ مفادات کونسل کی سالانہ رپورٹ کی منظوری دی جس کے مطابق کونسل نے 13 فیصلوں پر عمل درآمد اور 6 فیصلے زیر عمل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ صوبوں کے مطالبات کے مطابق کونسل کے اجلاسوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے مشترکہ مفادات کونسل کے مستقل سیکرٹریٹ کے قیام پر
کونسل کے اراکین کو مبارکباد بھی دی اور کہا کہ سیکرٹریٹ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان موثر رابطہ کاری میں سہولت فراہم کرے گا۔

کونسل سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت مردم شماری کا ایک قابل اعتبار ڈیٹا رکھنا چاہتی ہے یہ ڈیٹا شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے پالیسیوں اور منصوبوں کو شروع کرنے کے لیے استعمال ہوگا۔