Thursday, April 25, 2024

مشرقی یوکرین کے صوبے ڈونیٹسک کی جیل پر میزائل حملے میں 40 قیدی ہلاک

مشرقی یوکرین کے صوبے ڈونیٹسک کی جیل پر میزائل حملے میں 40 قیدی ہلاک
July 30, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) - مشرقی یوکرین کے صوبے ڈونیٹسک کی جیل پر میزائل حملے میں 40 قیدی ہلاک اور 75 زخمی ہو گئے۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق میزائل حملہ  ماسکو کے حمایت یافتہ علیحدگی پسندوں کے زیر قبضہ اولینیوکی جیل پر کیا گیا جس میں امریکی ساختہ راکٹ استعمال کئے گئے۔ علیحدگی پسندوں نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین کے حملے میں 53 قیدی ہلاک ہوئے۔

دوسری طرف یوکرین نے حملے کا الزام روس پر دھر دیا۔ یوکرینی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ روس نے جیل پر حملہ کرکے جنگی جرم کا ارتکاب کیا ہے جبکہ  یوکرینی صدر کا کہنا ہے جیل میں جنگی قیدیوں کی ہلاکت پر روس کو دہشت گرد ریاست قرار دیا جائے۔

دوسری طرف امریکا نے اپنے دو شہریوں کی رہائی کیلئے روس کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے۔ امریکی وزیر خارجہ نے روسی  ہم منصب کو فون کرکے پیشکش کی کہ وہ اپنے دو شہریوں کی رہائی کے بدلے 25 سال سے امریکا میں قید روسی شہری وکٹر باؤٹ کو رہا کرنے کو تیار ہے۔ جواب  میں روسی وزیر خارجہ نےکہا کہ  قیدیوں کے تبادلے کے معاملہ پر سفارتکاری کی طرف لوٹنا چاہئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیرخارجہ  انٹونی بلنکن نے ساتھ ہی دھمکی بھی دی کہ روس یوکرین میں اپنے منصوبوں کو آگے بڑھائے گا تو امریکا اس کےخلاف اقدامات کرے گا جس پر روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے کہا کہ روس ہر صورت یوکرین میں اپنے خصوصی فوجی اہداف پورے کرے گا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق 25منٹ تک جاری رہنے والی یہ گفتگو بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گئی۔

امریکا اور روس کے وزرا خارجہ کے درمیان رابطے میں یوکرین سے گندم اور کھاد کی برآمد کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوسری طرف  یوکرین کے صدر  کا کہنا ہے کہ  بحیرہ اسود کی بندرگاہ سے گندم کی پہلی کھیپ برآمد کیلئے تیار ہے۔ جیسے ہی روس کی طرف سے سنگل ملے گا گندم اور دیگر اناج کی روانگی شروع ہو جائے گی۔