Tuesday, April 23, 2024

مشکل ترین معاشی صورتحال میں پاکستان کے آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب، معاہدہ طے پا گیا

مشکل ترین معاشی صورتحال میں پاکستان کے آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب، معاہدہ طے پا گیا
June 22, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - مشکل ترین معاشی صورتحال میں پاکستان کے آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ ہو گیا۔

وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف نے حکومت کے معاشی اقدامات سے اتفاق کر لیا ہے جبکہ آئی ایم ایف پاکستان کے بجٹ اقدامات پر راضی ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف پاکستان کے بجٹ اہداف سے بھی متفق ہو گیا جس کے بعد آئی ایم ایف کا قرض پروگرام بحال ہونے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔ قرض پروگرام کے تحت پاکستان کو ایک ارب ڈالر فوری ملیں گے۔ معاہدے سے متعلق اعلامیہ جلد جاری کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے بجٹ میں ٹیکس وصولیوں کا ہدف 7 ہزار 5 ارب روپے سے بڑھا کر7 ہزار 450 ارب روپے اور کسٹم وصولی کا ہدف 950 ارب روپے سے بڑھا کر ایک ہزار 5 ارب روپے کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر ہرماہ 5 روپے فی لٹر لیوی عائد کرنے، جی ایس ٹی کی مد میں وصولیوں کا ہدف 3 ہزار 8 ارب روپے سے بڑھا کر 3 ہزار 3 سو ارب روپے اور انکم ٹیکس کی مد میں وصولیوں کا ہدف 55 ارب روپے بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔