Tuesday, April 23, 2024

مصدقہ اطلاعات ہیں وزیراعظم نے شہبازشریف کو گرفتار کرنیکی ہدایات دیں، عطاء اللہ تارڑ

مصدقہ اطلاعات ہیں وزیراعظم نے شہبازشریف کو گرفتار کرنیکی ہدایات دیں، عطاء اللہ تارڑ
February 11, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) لیگی رہنما عطاء اللہ تارڑ کہتے ہیں مصدقہ اطلاعات آ رہی ہیں کہ وزیراعظم نے شہبازشریف کو گرفتار کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

جمعہ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے نئے مشیر احتساب مصدق عباسی کوشہبازشریف کی گرفتاری کا ٹاسک دیا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ شہبازشریف کو گرفتار کرنا کوئی بچوں کا کھیل نہیں، دو مرتبہ قید کاٹنے والے قائد حزب اختلاف کو دوبارہ جیل نہیں جانے دیں گے، شہبازشریف ایک سال سے اوپر پابند سلاسل رہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی عدالت سے لے کر پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ تک یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ کرپشن، کمشن اور بد عنوانی کا سوال پیدا نہیں ہوتا۔

لیگی رہنماء نے کہا کہ عمران نیازی کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، غربت، مہنگائی اور بھوک سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے گرفتاری کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ قوم کے اربوں روپے لوٹنے والے، آٹا، چینی، ایل این جی، ادویات، مسلم جبہ، بی آر ٹی اور فارن فنڈنگ اسکینڈلز کا جواب دیں۔

عطاءاللہ تارڑ بولے کہ اندھے سیاسی انتقام کے مقابلے میں بھرپور قانونی جنگ لڑی ہے، عمران نیازی کی فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔