Saturday, April 20, 2024

مسائل کو سنبھالنا اس حکومت کے بس کی بات نہیں، اسد عمر

مسائل کو سنبھالنا اس حکومت کے بس کی بات نہیں، اسد عمر
September 24, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کا کہنا ہے مسائل کو سنبھالنا اس حکومت کے بس کی بات نہیں۔

 اسد عمر نے کہا یہ صرف اپنے کرپشن کیسز ختم کرانے میں لگے ہیں۔ مہنگائی کی شرح 45 فیصد تک پہنچ چکی۔ ہمارے دور میں مہنگائی 16فیصد تھی۔ ملکی معیشت تباہی کے دھانے پر پہنچ چکی ہے۔ ملک میں صنعتیں بند ہو رہی ہیں۔ فیصل آباد میں ٹیکسٹائل انڈسٹری بند ہونے والی ہے۔ یہ لوگ کہتے تھے کہ ہم مہنگائی کم کرنے آئے ہیں۔ اب عوام کا صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے۔ لوگ بجلی کے بل ادا کرنے سے قاصر ہیں۔

اسد عمر بولے امپورٹڈ وزیراعظم کی پوری توجہ اپنے کیسز ختم کروانے پر ہے۔ حکومت کو سمجھ ہی نہیں آرہا کہ کرنا کیا ہے؟ حکومت انتخابات سے بھاگ رہی ہے۔ ان کی نااہلیوں کی قیمت عوام کو ادا کرنا پڑ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا ملک کی معاشی تباہی اسحاق ڈار کی وجہ سے ہوئی۔ سندھ کی حکومت نااہل اور کرپٹ ہے۔ ملک اس وقت انتہائی خطرناک صورتحال تک پہنچ چکا ہے۔ شاید اسحاق ڈار کو مزید منی لانڈرنگ کیلئے لایا جا رہا ہے۔