Sunday, May 5, 2024

مریم نواز نے عدلیہ کے خلاف محاذ کھول دیا ہے، فواد چودھری

مریم نواز نے عدلیہ کے خلاف محاذ کھول دیا ہے، فواد چودھری
February 24, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پی ٹی آئی رہنماء فواد چودھری نے کہا کہ مریم نواز نے عدلیہ کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔ آڈیوز اور ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرنا خطرناک ہے۔

جمعہ کے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا خیال ہے عدلیہ کو دباؤ میں لایا جاسکتا ہے، یہ انکی بیہودہ سکیم ہے کہ اپنی کارکردگی کو چھپایا جائے۔ عمران خان نے جج کے فیصلے پر بات کی تو توہین عدالت کا نوٹس دیا گیا۔

فواد چودھری نے کہا کہ دو سپیکر اپنی درخواست لے کر سپریم کورٹ میں کھڑے ہیں، عدلیہ آئین کے ساتھ کھڑی نہ ہوئی تو آئین نہیں رہے گا۔ پوری قوم سپریم کورٹ سے آئین کا تحفظ چاہتی ہے۔ اس وقت پورا پاکستان بلیک میلنگ کا سامنا کر رہا ہے، کسی کی آڈیو اور کسی کی وڈیو بنا کے بلیک میل کیا جا رہا ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ آئین کے تحفظ کے لیے پاکستان تحریک انصاف گرفتاریاں دے رہی ہے، تین دن ہوگئے ہیں ان کے خاندان کو بھی ان سے ملنے نہیں دیا جارہا۔ کل پشاور کے لوگوں نے تاریخ رقم کی ہے، ہزاروں لوگ باہر نکلے، آج روالپنڈی میں ابھی تک 81 لوگ گرفتاری دے چکے ہیں۔