Friday, April 26, 2024

مریم نواز کو پاسپورٹ واپسی پر اعتراض نہیں، نیب کا لاہور ہائیکورٹ میں جواب داخل

مریم نواز کو پاسپورٹ واپسی پر اعتراض نہیں، نیب کا لاہور ہائیکورٹ میں جواب داخل
September 27, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - مریم نواز کو پاسپورٹ واپس کردیا جائے تو نیب کو اعتراض نہیں، لاہور ہائیکورٹ میں جواب داخل کرادیا گیا، عدالت نے کیس کی سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز پاسپورٹ واپسی کیس کی سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کردی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی، عدالت نے مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کے بروقت پیش نہ ہونے پر سماعت ملتوی کی۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کہاں ہیں؟ جونیئروکیل نے بتایا کہ وہ دوسری عدالت میں مصروف ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ فل بینچ کے سامنے صرف یہی کیس ہے کیا؟ وکیل صاحب کو اتنا نہیں پتہ کہ کونسی عدالت میں پہلے پیش ہونا ہے۔

نیب کی جانب سے عدالت میں جواب داخل کردیا گیا، جواب میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز کو پاسپورٹ واپس کردیا جائے تو نیب کو اعتراض نہیں۔