Friday, March 29, 2024

مریم نواز، حمزہ شہباز کے کیسز کو عدالت میں چیلنج کرنے جا رہے ہیں، فواد چودھری

مریم نواز، حمزہ شہباز کے کیسز کو عدالت میں چیلنج کرنے جا رہے ہیں، فواد چودھری
December 16, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پی ٹی آئی رہنماء فواد چودھری نے کہا کہ مریم نواز، حمزہ شہباز کے کیسز کو عدالت میں چیلنج کرنے جارہے ہیں۔ 

جمعہ کو میڈیا سے گفتگو میں کہا عمران خان نے کیسز کو عدالت میں چیلنج کرنے کے حوالے سے وکلاء سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ ملک کو استحکام میں لانے کے لیے واحد راستہ انتخابات ہیں، کل اسمبلیوں کی تحلیل کا اعلان کردیا جائے گا، ق لیگ کو ساتھ لے کر چلیں گے، کل پرویز الہٰی اور محمود خان جلسے میں شریک ہونگے۔

مبینہ آڈیو کے حوالے سے اُن کا کہنا تھا کہ مختلف آڈیوز ریکارڈ کرکے ان کو جوڑا گیا، آڈیوز کو کٹ کاپی کیا گیا، ان آڈیوز کی کوئی حیثیت نہیں۔ عمران کو کرپٹ ثابت کرنے والے خوابوں کی دنیا سے باہر آجائیں۔

پی ٹی آئی رہنماء کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت دو وزرا خزانہ کے درمیان تماشا لگا ہوا ہے۔ نااہل حکومت ہے، بجلی تیل کی قیمتوں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ معاشی بحران میں کوئی ایک دوست ساتھ کھڑا نظر نہیں آرہا۔

دوسری جانب لبرٹی چوک پی ٹی آئی کے جلسے کی تیاریاں جاری ہیں، کل رات آٹھ بجے جلسہ شیڈول ہے، کارکنوں کو شام چھ بجے پہنچنے کی ہدایت کردی گئی۔