Saturday, April 20, 2024

مریم نواز ان ایکشن، مسلم لیگ ن کے قائدین کو ممنوعہ فنڈنگ کا معاملہ نمایاں کرنے کی ہدایت کر دی

مریم نواز ان ایکشن، مسلم لیگ ن کے قائدین کو ممنوعہ فنڈنگ کا معاملہ نمایاں کرنے کی ہدایت کر دی
August 4, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - مسلم لیگ ن کے پارٹی قائد نواز شریف نے ممنوعہ فنڈنگ کیس اور عمران خان کے خلاف پارٹی سے متعلق مریم نواز کو اہم ذمہ داریاں سونپ دیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ کے قائد نواز شریف کی جانب سے بڑا فیصلہ کر لیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے مریم نواز کو پارٹی اور عمران خاں کے خلاف اہم ذمہ داری سونپ دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قائد کی طرف سے ذمہ داری ملنے کے بعد مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز متحرک ہو گئی ہیں۔

مریم نواز نے مسلم لیگ ن کے قائدین رہنماوں اور کارکنوں کو ممنوعہ فنڈنگ کے معاملہ کو زیادہ سے زیادہ نمایاں کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس حوالے سے مریم نواز کی جانب سے لیگی وزراء اور پارٹی رہنماؤں کو اہم ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی ہیں اور مہم کی نگرانی خود مریم نواز کریں گی۔

مریم نواز کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق تمام قائدین روزانہ کی بنیاد پر پریس کانفرنس میں ممنوعہ فنڈنگ کو نمایاں کریں گے۔ پریس کانفرنسز میں عمران دور حکومت کی کرپشن اور مہنگائی کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔ عمران خان کو ہدف تنقید بنایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پارٹی قائد کی ہدایت پر پارٹی کو فعال کرنے کے لیے ملک بھر میں ورکرز کنونشن بھی منعقد کیے جائیں گے جن سے مریم نواز خطاب کریں گی۔ مریم نواز نے ورکرز کنونشنز کے لیے پارٹی کو شیڈول تیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ سوشل میڈیا پر بھی عمران خان مخالفت کمپین کو تیز کیا جائے گا۔