Wednesday, April 24, 2024

مریم اورنگزیب نے سیلاب کی صورتحال کو قومی ایمرجنسی قرار دیدیا

مریم اورنگزیب نے سیلاب کی صورتحال کو قومی ایمرجنسی قرار دیدیا
August 25, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سیلاب کی صورتحال کو قومی ایمرجنسی قرار دے دیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ وزیر اعظم کے فلڈ ریلیف فنڈ میں دل کھول کر عطیات دیں۔

اُنہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں سیلاب سے ہونے والی غیر معمولی تباہی سے نمٹنے کے لیے عوام کو قومی جذبے کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا، "مقامی لوگوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے عطیات کی اشد ضرورت ہے۔"

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ " لوگوں کی مدد سے ریسکیو اور ریلیف کے عمل کو تیز کیا جا سکتا ہے۔ سیلاب متاثرین ہماری مدد کے منتظر ہیں۔"

اُنہوں نے کہا کہ عطیات تمام کمرشل بینکوں، منی ٹرانسفر آپریٹرز، کراس چیک، اے ٹی ایم اور اے بی ایف ٹی کے ذریعے 'وزیر اعظم ریلیف فنڈ اکاؤنٹ 2022 اکاؤنٹ نمبر G-12164' میں جمع کیے جا سکتے ہیں۔

وفاقی وزیرِموسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن کا کہنا ہے ملک کا کوئی حصہ ایسا نہیں جو سیلاب کی زد میں نہ ہو، تین کروڑ لوگ براہ راست متاثر ہوئے، خیبرپختونخوا میں 169، پنجاب میں 164 افراد جاں بحق ہوئے۔ افسوس ہے کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں سیلاب زدگان کی مدد کے بجائے کل ہری پور میں جلسہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے، پاک فوج متاثرین کی مدد کررہے ہیں، سندھ کے 30 اضلاع سیلاب کی زد میں ہیں، موسمیاتی تبدیلی کے باعث مون سون کی بارشیں معمول سے زیادہ ہوئیں۔