Saturday, May 18, 2024

مری میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی میں مزید 6 دن کی توسیع

مری میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی میں مزید 6 دن کی توسیع
January 11, 2022 ویب ڈیسک

مری (92 نیوز) مری میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی میں مزید 6 دن کی توسیع کر دی گئی۔

سانحہ مری کے بعد ملکہ کوہسار کے راستے بدستور بند ہیں۔ مری میں داخلے پر مزید 6 دن کیلئے پابندی عائد کر دی گئی۔ 17جنوری سے قبل کوئی سیاح ملکہ کوہسار کے نظارے نہیں دیکھ سکے گا۔ پابندی میں توسیع محکمہ موسمیات کی پیش گوئی پر کی گئی۔

اسسٹنٹ کمشنر مری نے اوور چارجنگ کی شکایت پر 15 ہوٹل سیل کر دیئے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ راولپنڈی کا کہنا ہے اوور چارجنگ کی شکایات سوشل میڈیا اور مری کنٹرول روم پر وصول ہوئیں۔ ہوٹلز ابوظہبی روڈ، کلڈنہ روڈ، اپر جھیکا گلی روڈ اور بینک روڈ پر واقع ہیں۔

سانحہ مری کے دوران برف پھینک کر سڑکیں بلاک کرنے والا شکنجے میں آگیا۔ ثاقب عباسی ساتھیوں سے ملکر بھوربن روڈ پر برف پھینک کر پھسلن پیدا کرتا تھا۔ پھنس جانے والے سیاحوں سے گاڑی نکالنے کے 4 سے 5 ہزار وصول کیے جاتے۔

پولیس نے ملزم ثاقب عباسی کے زیر استعمال جیپ بھی قبضہ میں لے لی۔ مری میں پھنسے ایک سیاح نے ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تو سی پی او ساجد کیانی نے نوٹس لیا۔

انتظامیہ کی کارروائیاں جاری ہیں تاہم سانحہ کے ذمہ داروں کا تعین نہیں ہو سکا۔