Saturday, May 18, 2024

مری میں شدید برفباری، پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری

مری میں شدید برفباری، پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری
January 8, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) مری میں شدید برفباری کے بعد پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی انجینئرز کے دستوں نے جھیکا گلی، گھڑیال روڈ کھول دیا۔ جہاں مشینری نہیں پہنچ سکتی وہاں فوجی دستوں کو پہنچایا گیا ہے۔ فوجی دستے ٹریفک کو کلیئر، سڑکیں کھول رہے ہیں۔ مختلف مقامات پر پھنسے افراد کو اے پی ایس کلڈنہ منتقل کردیا گیا ہے۔

فوجی جوان امدادی کارروائیوں میں پیش پیش ہیں، مری ڈویژن میں مرکز کنٹرول ڈویژن قائم کر دیا گیا ہے، اے پی ایس اور آرمی سکول آف لاجسٹک کلڈنہ میں امدادی مراکز قائم ہیں۔

تمام ریلیف کیمپوں کو گرم رکھنے کے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔ متاثرین کی مدد کے لیے مری کی بھاری مشینری، آرمی انجینئرز ڈویژن اور ایف ڈبلیو او بلاتعطل مصروف عمل ہیں۔

دوسری جانب مری میں برفانی طوفان کے باعث ہزاروں گاڑیاں شاہراہوں پر پھنسی پڑی ہیں۔ سردی کے باعث گاڑیوں میں ٹھٹھر کر 22 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جاچکی ہے۔ سیاح گاڑیوں میں سوئے صبح اٹھ نہ سکے۔

سیاحوں کی گاڑیوں کے اوپر چھ، چھ فٹ سے زائد برف موجود ہے، سیاحتی مقام کلڈنہ برفباری سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔

سڑکوں پر برف ہونے کے باعث ریسکیو کا عملہ بھی پیدل پہنچا، ریسکیو آپریشن میں پاک فوج کی پانچ پلاٹونز، رینجرز اور ایف سی بھی شریک ہے۔ مری کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔