Saturday, May 18, 2024

مری میں ریسکیو آپریشن مکمل، اہم سڑکیں ٹریفک کیلئے کلیئر

مری میں ریسکیو آپریشن مکمل، اہم سڑکیں ٹریفک کیلئے کلیئر
January 9, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) مری میں برفانی طوفان کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا، تمام اہم سڑکوں کو ٹریفک کے لیے کلیئر کر دیا گیا۔

مری میں آہستہ آہستہ نظام زندگی بحال ہونا شروع ہوگئی ہےِ، پاک فوج، پولیس اور ریسکیو حکام کی جانب سے مری میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

مری کی اہم شاہراہوں لوئر ٹوپہ ، جھیکاگلی، کلڈنہ روڈ سے باڑیاں تک سے برف صاف کر دی گئی ہے۔ مری میں سڑکوں پر پھنسی گاڑیوں کو نکالنے کا عمل بھی جاری ہے۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شدید برفباری کی وجہ سے 20 سے 25 بڑے درخت گرنے سے راستے بلاک ہوگئے تھے، تمام سیاحوں کو ریسکیو کرکے محفوظ مقام پر پہنچادیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مری میں برفباری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن کا فضائی معائنہ کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ریلیف کمشنر، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے امدادی سرگرمیوں پربریفنگ دی۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، معاو ن خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

ملکہ کوہسار میں شدید برفباری نے بڑے سانحے کو جنم دے دیا۔ راستوں کی بندش اور گاڑیوں میں پھنس کررہ جانے والے 22 سیاح ٹھٹھرنے سے دم توڑگئے۔

آزاد کشمیر میں باغ اور گردونواح میں موسم جزوی طور پر ابر آلود ہے۔ باغ سے دیگر اضلاع کو ملانے والی مین شاہراہوں کو کھولنے کے لیے شاہرات کا عملہ محترک ہے۔