Saturday, May 18, 2024

مری میں برفانی طوفان سے سیاحوں پر آفت ٹوٹ پڑی، 22 افراد جاں بحق

مری میں برفانی طوفان سے سیاحوں پر آفت ٹوٹ پڑی، 22 افراد جاں بحق
January 8, 2022 ویب ڈیسک

مری (92 نیوز) مری میں برفانی طوفان سے سیاحوں پر آفت ٹوٹ پڑی، گاڑیوں میں پھنسے بچوں، خواتین سمیت22 افراد جان کی بازی ہارگئے۔ وفاقی حکومت نے پاک فوج، رینجرز اور ایف سی کو مدد کے لیے طلب کرلیا۔

مری میں برفانی طوفان نے ہنستے بستے گھراجاڑ دیئے۔ گاڑیوں میں سردی سے ٹھٹھر کر 22 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی، جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ صورتحال خوفناک شکل اختیار کرگئی۔

مری کا نواحی علاقہ کلڈنہ موت کی وادی بن گیا اور برفباری سے سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں سرچ آپریشن جاری ہے، چھ فٹ تک برف کے باعث مشینری پہنچانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ بھاری برف کے باعث شدید مشکلات درپیش ہیں۔ طوفان کے باعث کئی درخت اور بجلی کے پولز گرگئے، خراب موسم کے باعث ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن شروع نہ ہوسکا۔

گزشتہ شام سے مری میں شدید برفباری کا سلسلہ شروع ہوا، طوفان اور سیاحوں کے سیلاب ن نے صورتحال کوخوفناک بنا دیا۔ جو جہاں تھا وہیں پھنس گیا۔ ہوٹل تک رسائی ملی نہ سڑک پر کوئی مدد سکی۔

ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوا تو بجلی بھی چلی گئی۔ کڑاکے دار سردی نے سیاحوں کا خون جما دیا۔ صبح کے وقت سوشل میڈیا پر گاڑیوں میں پھنسے افراد کی لاشیں نظر آتے ہی پورے ملک میں کہرام سا برپا ہوگیا۔

وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید فوری مری جا پہنچے، بتایا 16 سے 19 اموات ہوئی ہیں۔ وزیر داخلہ نے سڑکوں پر ٹریفک نظام بحال کرنے میں بھی حصہ لیا۔

پنجاب حکومت نے مری کو آفت زدہ قرار دے کر ایمرجنسی نافذ کردی۔ وفاقی حکومت نے پاک فوج، رینجرز، ایف سی، اسلام آباد پولیس اور ریسکیو 1122 کے عملہ کو مری بھجوا دیا۔

پاک فوج کے دستوں نے مری ٹول پلازہ پرجام ہوئی ٹریفک کو کھلوایا۔ مری میں جھیکا گلی اور گھڑیال روڈ سمیت ایکسپریس وے پر بھی گاڑیاں چل پڑیں۔ ایف ڈبلیو او کے اہلکار بھی بند راستوں کو کھولنے میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب مری جانے کے خواہشمند سیاحوں کو سترہ میل اور ٹول پلازے پر روک دیا گیا ہے، جس کے باعث سیاح پیدل ہی واپس اسلام آباد کی طرف روانہ ہونے لگے۔