Saturday, May 18, 2024

مری جیسے سانحات کو روکنے کے لئے منصوبہ بندی کرنا ہو گی، شاہ محمود قریشی

مری جیسے سانحات کو روکنے کے لئے منصوبہ بندی کرنا ہو گی، شاہ محمود قریشی
January 12, 2022 ویب ڈیسک

میڈرڈ (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے مری جیسے سانحات کو روکنے کے لئے منصوبہ بندی کرنا ہو گی۔

 شاہ محمود قریشی نے اسپین کا دورہ کیا۔ میڈرڈ میں 92 نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اسپین کے ساتھ سیاسی اور سفارتی تعلقات بہت اچھے ہیں۔ اسپین کے وزیرخارجہ سمیت دیگر حکام سے مثبت ملاقاتیں رہیں۔ اسپین کے ساتھ اکنامک پارٹنرشپ قائم کریں گے۔

قبل ازیں شاہ محمود قریشی کی میڈرڈ میں اسپین کی وزارتِ تجارت، صنعت و سیاحت آمد ہوئی۔ اسپین کی وزیر صنعت و تجارت و سیاحت نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا خیر مقدم کیا۔ شاہ محمود قریشی کی سپین کی وزیر تجارت، صنعت و سیاحت، محترمہ ماریا رئیس ماروٹو الیرا سے ملاقات ہوئی۔ دوران ملاقات پاکستان اور سپین کے مابین دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپین کی وزیر تجارت، صنعت و سیاحت، محترمہ ماریا رئیس ماروٹو الیرا نے سپین آمد پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو خوش آمدید کہا۔

 مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا پاکستان، یورپی یونین اور دو طرفہ حوالے سے اسپین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ دو ممالک کے درمیان 1.3 بلین ڈالر سے زائد حجم کی سالانہ دوطرفہ تجارت، اس امر کی غماض ہے کہ اسپین، پاکستان کے اہم تجارتی شراکت داروں میں شامل ہے۔