Saturday, May 18, 2024

مری گئے تین دوستوں کی متیں گھروں میں پہنچے پر کہرام

مری گئے تین دوستوں کی متیں گھروں میں پہنچے پر کہرام
January 9, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) مری گئے تین دوستوں کو برف سے اٹھکیلیاں راس نہ آئیں، لاہور کے ظفر اقبال اورمعروف اشرف جبکہ کامونکی کے اشفاق کی سانسیں برف میں ہی جم گئیں، متیں گھروں میں پہنچے پر کہرام مچ گیا۔

ملکہ کوہسار میں برفانی طوفان نے کئی گھر اجاڑ دیئے، برف باری سے لطف اندوز ہونے کیلئے گئے دوستوں کو مری کی سیرراس نہ آئی۔

سانحہ مری میں تین دوست ظفراقبال، معروف اشرف اور اشفاق خوشی خوشی سیر کو گئے مگر وہاں ان کی سانسوں کی ڈورکٹ گئی۔ سامنے آئی ویڈیو میں تینوں برفباری سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

پیکوروڈ کے ظفراقبال اور معروف اشرف کامونکی کے دوست اشفاق کے ساتھ جمعرات کو لاہور سے مری گئے تھے۔ تینوں دوست ایک ساتھ نجی کمپنی میں کام کرتے تھے، متیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔

ظفر اقبال کے بھائی کہتے ہیں بھائی نے مری پہنچ کر کال کی اسکے بعد کوئی رابطہ نہیں ہوا، اچانک ریسکیو والوں کی کال آئی کہ آپکے بھائی کا دوستوں سمیت انتقال ہو گیا ہے۔

زندگی انجوائے کرنے مری گئے تینوں دوستوں کے ذہن میں بھی نہیں تھا کہ یہ ان کی زندگی کی آخری سیر ہے۔