Saturday, May 4, 2024

معروف اداکار کمال احمد رضوی کو مداحوں سے بچھڑے سات برس بیت گئے

معروف اداکار کمال احمد رضوی کو مداحوں سے بچھڑے سات برس بیت گئے
December 17, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - معروف اداکار اور ڈرامہ نگار کمال احمد رضوی کو مداحوں سے بچھڑے آج سات برس بیت گئے۔

تلخ لہجے اور کڑوی کسیلی باتیں کرنے والے کمال احمد رضوی کی آج ساتویں برسی ہے۔ انہوں نے بے شمار کام کیا، لکھا، لوگوں کو ہنستے ہنستے رلایا اور روتے روتے ہنسایا۔

1930 میں بھارتی ریاست بہار میں آنکھ کھولنے والے کمال احمد رضوی  کا گھرانہ انتہائی مذہبی تھا لیکن وہ پیدائشی اداکار تھے جنہوں نے ڈرامہ نگاری، اداکاری اور ہدایت کاری ہرشعبہ میں اپنا لوہا منوایا۔ ان کو اصل شہرت ڈرامہ الف نون سے ملی۔

کمال احمد رضوی نے 20 کے قریب ڈراموں، ناولوں اورکتابوں کے ترجمے کئے۔ ان کی نادر تحریروں میں مسٹر شیطان، آدھی بات، صاحب بی بی اور غلام قابلِ ذکر ہیں۔ آپ ڈائجسٹوں تہذیب، آئینہ اور شمع  کے مدیر بھی رہے۔

بہترین خدمات کے اعزازمیں انہیں حکومت پاکستان نے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا ۔ 17 دسمبر 2015 کو دل کا دورہ پڑنے سے ادب و مزاح نگاری کا یہ باب ہمیشہ کیلئے بند ہو گیا۔