Monday, May 6, 2024

معروف اداکار افضال احمد کی نمازجنازہ لاہور میں ادا کردی گئی

معروف اداکار افضال احمد کی نمازجنازہ لاہور میں ادا کردی گئی
December 3, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - معروف اداکار افضال احمد کی نمازجنازہ لاہور میں ادا کردی گئی، شوبز شخصیات سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے نمازجنازہ میں شرکت کی۔

نماز جنازہ مفتی شفیق سیالوی نے پڑھائی، نماز جنازہ میں نورالحسن ، خالد بٹ، اچھی خان، قیصر ثناءاللہ، فلم ڈائریکٹر حسن عسکری، شہزاد رفیق، جواد وسیم، خالد عباس ڈار، ذوالفقار مانا، حامد رانا، سہیل بخاری، جاوید رضوی، گوشی خان، اصغر خیالی، پرویز کیفی، سردار کمال، جرار رضوی، ارشاد احمد ودیگر نے شرکت کی۔

اداکار افضال احمد کو برین ہیمرج ہوا تھا، اسپتال منتقل کیا گیا تاہم جانبر نہ ہوسکے، انکی بہن اور بیٹی کے بیرون ملک ہونے کے باعث ایک روز تاخیر سے تدفین کی گئی۔ 

دبنگ آواز کے ساتھ اپنے کردار میں رنگ بھر دینے والے نامور اداکار افضال احمد نے 384 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ افضال احمد نے جہاں فلموں میں اداکاری کے اَن مٹ نقوش چھوڑے ہیں وہیں ان کی تھیٹر کے لیے خدمات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے پاکستان میں تھیٹر کو نئی جہت دی اور جدید تھیٹر روشناس کرایا۔

اداکار افضال احمد پر 22 نومبر 2001ء کو فالج کا حملہ ہوا اور ان کی آواز بری طرح متاثر ہوئی۔ وہ قوت گویائی سے محروم ہونے کے باوجود تھیٹر کی ترقی و ترویج کے لیے پرعزم رہے۔