لاہور (92 نیوز) - لالی ووڈ کی گرجدار آواز ہمیشہ کیلئے خاموش ہو گئی۔ معروف اداکار افضال احمد انتقال کر گئے۔
دبنگ آواز کے ساتھ اپنے کردار میں رنگ بھر دینے والے نامور اداکار افضال احمد نے 384 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ انہوں نے فلمی کیریئر کی شروعات لالی وڈ فلم ” دھوپ اور سویرا “ سے کیا۔ ان کی سپر ہٹ فلموں میں ’’ہاشو خان، انسان اور گدھا، پہلاوار، خبردار، سدھا رستہ، سستا خون مہنگا پانی، بابل صدقے تیرے، شریف بدمعاش بھی شامل ہیں۔
انہوں نے شوکن میلے دی، دو سوہنی مہینوال، چن وریام،مفت بر،قانون شکن،پتر جگے دا‘‘ اور ’’ریاض گجر‘‘ کے علاوہ بھی بے شمار فلموں میں کام کیا۔
افضال احمد نے جہاں فلموں میں اداکاری کے اَن مٹ نقوش چھوڑے ہیں وہیں ان کی تھیٹر کے لیے خدمات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے پاکستان میں تھیٹر کو نئی جہت دی اور جدید تھیٹر روشناس کرایا۔
افضال احمد پاکستانی سٹیج ڈراموں کو عالمی معیار تک لے جانے کے خواہش مند تھے مگر 22 نومبر 2001ء کو فالج کا حملہ ہوا اور ان کی آواز بری طرح متاثر ہوئی۔ وہ قوت گویائی سے محروم ہونے کے باوجود تھیٹر کی ترقی و ترویج کے لیے پرعزم رہے۔