Friday, April 19, 2024

وجیہہ سواتی قتل کیس، ملزم رضوان حبیب کو سزائے موت اور دس سال قید کی سزا

وجیہہ سواتی قتل کیس، ملزم رضوان حبیب کو سزائے موت اور دس سال قید کی سزا
November 12, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پاکستانی نژاد امریکی خاتون وجیہہ سواتی کے قتل کیس کا فیصلہ ہو گیا۔ مرکزی ملزم رضوان حبیب کو سزائے موت اور دس سال قید کی سزا سنائی گئی۔

کیس کا فیصلہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل  نے سنایا۔ عدالت نے سابقہ شوہر کو سزائے موت، اغوا کے جرم میں 10 سال قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔ مقتولہ کے سابق سسر حریت اللہ اور ملازم سلطان کو لاش کی بےحرمتی پر سات 7 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ ملزم یوسف مسیح، رشید اور زاہدہ کو عدم ثبوت کی بنیاد پر بری کر دیا گیا۔

وجیہہ سواتی قتل کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے وقت امریکی سفارت خانہ کے 4 سینئیر اہلکار اور ایف بی آئی ٹیم بھی عدالت میں موجود تھی۔ امریکی ایف بی آئی افسر نے فیصلے کو بہترین قرار دیا۔

ملزم رضوان حبیب نے اپنی سابقہ بیوی وجیہہ سواتی کو کروڑوں روپے مالیت کی جائیداد کا جھگڑا طے کرنے کے بہانے پاکستان بلا کر قتل کر دیا تھا۔ فیصلے کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری عدالت کے باہر تعینات کی گئی تھی۔