اسلام آباد (92 نیوز) - مرحوم ارشد شریف کی پوسٹمارٹم رپورٹ فراہم نہ کرنے کے خلاف درخواست دائر کردی گئی۔
ارشد شریف کی والدہ رفعت آرا علوی نے پوسٹ مارٹم رپورٹ فراہم نہ کرنے کے خلاف درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کردی۔
عدالت میں دائر درخواست میں موقف اپنایا کہ پولیس، اسلام آباد انتظامیہ اور پمز رپورٹ فراہم نہیں کررہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے متعلق اندھیرے میں رکھا جارہا ہے۔ خدشہ ہے کہ حقائق مسخ کرنے کیلئے پوسٹ مارٹم رپورٹ میں رد وبدل کیا جا سکتا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پورے عمل کو شفاف بنانے کیلئے ارشد شریف فیملی کو ہر لمحہ آگاہ رکھنے، کسی تھرڈ پارٹی کی مداخلت کے بغیر پورے عمل کو آگے بڑھانے کا حکم جاری کرے۔
ارشد شریف فیملی کے فوکل پرسن کو پورے عمل میں شامل کرنے، پوسٹ مارٹم رپورٹ فیملی کو فراہم کرنے اور فیملی اجازت کے بغیر رپورٹ پبلک نہ کرنے کا حکم جاری کرنے کی بھی استدعا کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست پر سماعت پیر کو ہوگی۔