Thursday, March 28, 2024

عمران خان کے خواجہ آصف کے خلاف ہرجانہ کا کیس، چیئرمین پی ٹی آئی ویڈیو لنک کے ذریعے پیش

عمران خان کے خواجہ آصف کے خلاف ہرجانہ کا کیس، چیئرمین پی ٹی آئی ویڈیو لنک کے ذریعے پیش
June 14, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں عمران خان کے خواجہ آصف کے خلاف ہرجانہ کیس کی سماعت ہوئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئے۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عدنان خان کی عدالت میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے لیگی رہنماء خواجہ آصف کے خلاف ہرجانہ کیس میں وکلاء کی عمران خان کے بیان پر جرح جاری رہی۔ سماعت کے دوران عمران خان ویڈیولنک کے ذریعے عدالت پیش ہوئے جبکہ خواجہ آصف کے وکلاء بیرسٹر حیدر رسول مرزا، بیرسٹر عمار ضیاء الدین اور چوہدری نجم الحسن عدالت پیش ہوئے۔

سماعت شروع ہونے پر خواجہ آصف کے وکیل کی جانب سے اعتراض کے بعد عدالت نے ویڈیو ولنک کے ذریعے جرح کو ریکارڈ کرنے سے روک دیا جس کے بعد جرح کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 1996 سے شوکت خانم بورڈ کا چیئرمین ہوں اب تک اس کے بعد کوئی چئیرمین نہیں بنا، میں نہیں سمجھتا کہ میری بہن سیکریٹری بورڈ آف گورنر رہی ہیں۔ راشد علی خان کو میں دوستی کی وجہ سے جانتا ہوں۔ اس کا فنانس میں تجربہ ہے۔

وکیل نے استفسار کیا کہ بنی گالہ خریدنے میں کیا راشد علی خان آپ کے نمائندہ تھے؟ جس پر چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ نمائندہ نہیں، اس نے بطور دوست کی حیثیت میں یہ  ٹرانزیکشن کی تھی۔ راشد علی خان کا فنانشل معاملات میں تجربہ تھا۔ انہوں نے دوست کی حیثیت میں یہ ٹرانزیکشن کی۔ میری سابقہ بیوی کے بھیجے گیے 36 ملین روپے راشد علی خان نے ادا کئے تھے۔ میں ٹریولنگ کر رہا تھا قسطیں دینا پڑنا تھی۔ اس لیے اس کو کہا تھا کیونکہ فنانس جانتا تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر ویڈیو لنک جرح کے ذریعے جرح کے دوران بجلی چلی گئی جس پر عدالت نے عمران خان کے وکیل سے کہا کہ آپ رابطہ کر لیں واٹس ایپ پر آخری سوال کا جواب لے لیتے ہیں؟،جس پر عمران خان کے وکیل نے کہا کہ بنی گالہ میں جیمر لگے ہوتے ہیں رابطے میں تھوڑا ایشو ہے۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 7 جولائی تک ملتوی کر دی۔ آئندہ سماعت پر بھی خواجہ آصف کے وکلاء عمران خان کے بیان پر جرح جاری رکھیں گے۔