Friday, April 19, 2024

لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی 9 مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کرلی

لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی 9 مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کرلی
March 17, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی 9 مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔ اسلام آباد کے 5 اور لاہور کے 4 مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کی گئی۔

عمران خان کی انسداد دہشت گردی کے مقدمات میں حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں سماعت میں سماعت ہوئی۔ عمران خان کو دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات میں حفاظتی ضمانت دے دی گئی۔

عدالت نے عمران خان کے خلاف پنجاب بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرلی۔ پولیس کو عمران خان کے خلاف منگل تک کسی بھی قسم کی کارروائی سے روک دیا۔

عمران خان نے عدالت کو بتایا جس کچہری میں پیش ہونا ہے، وہاں پہلے بھی حملے ہوچکے، پہلے بھی چار مرتبہ پولیس مجھے اُٹھانے آئی، پولیس نے مجھے اُٹھا کر بلوچستان لے کر جانا تھا۔ پی ٹی آئی قانون پر عمل درآمد کرنے والی جماعت ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے آپ سسٹم کے اندر آئیں، باقی بعد میں دیکھ لیں گے، آپ سسٹم میں نہیں ہوں گے تو ہمارے لیے بھی مشکلات ہوں گی۔

عدالت نے ظلِ شاہ کیس میں بھی عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی، عدالت نے 27 مارچ تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی ہے۔

اس سے قبل عمران خان زمان پارک سے قافلے کی صورت میں لاہور ہائیکورٹ پہنچے، کارکنوں کی بڑی تعداد ان کے ہمراہ تھی۔ عمران خان جب کمرہ عدالت میں پہنچے تو غیر متعلقہ افراد کو عدالت میں داخلے سے روک دیا گیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے اندر عمران خان کی پیشی پر سکیورٹی انتظامات کے لیے پولیس کی بھاری نفری احاطہ عدالت میں موجود ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے اندر وکلاء کی بڑی تعداد بھی پہنچی، پی ٹی آئی کارکنوں کو لاہور ہائی کورٹ کے اندر جانے سے روک دیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو سکیورٹی خدشات کے پیش نطر گاڑی میں عدالت کے اندر آنے کی اجازت دی گئی۔ عمران خان حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ پیش ہوئے ہیں۔