Friday, May 3, 2024

عمران خان تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے باوجود چوروں سے ہار نہیں مانے گا، شیخ رشید

عمران خان تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے باوجود چوروں سے ہار نہیں مانے گا، شیخ رشید
April 1, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے عمران خان تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے باوجود چوروں سے ہار نہیں مانے گا۔

راولپنڈی میں وقار النساء کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں کل کا دن اہم ہے کیونکہ پاکستان کی دولت لوٹنے والے عمران کے خلاف اکٹھے ہو گئے ہیں۔ چاہتا تھا نالہ لئی کا بھی افتتاح کرتا مگر شاید یہ لوگوں کو پسند نہیں۔ میڈیکل کالج کو میڈیکل یونیورسٹی بنانا بڑا مشکل تھا۔ یونیورسٹی کے لیے ایسے ایسے لوگوں کے نخرے اٹھائے جن کو سلام بھی کوئی نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ اتوار کو عمران خان ہار بھی گیا تو چوک چوراہے میں آئے گا تو بچہ بچہ ساتھ ہے۔ ڈرنا نہیں چوروں لٹیروں کے ساتھ عمران لڑے گا۔ عمران خان کو چھوڑا تو لوگ پسند نہیں کریں گے۔ اصلی اور نسلی مشکل میں وقت کھڑا ہوتا ہے۔ راولپنڈی بکنے والے کو پسند نہیں کرتا۔ میں عمران کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں۔

شیخ رشید نے یونیورسٹی کے لیے 264 ملازمتیں اور 30 کروڑ روپے فنڈ بھی دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پتہ نہیں پرسوں میں نے کہاں ہونا ہے لیکن یہ ملازمتیں غریبوں کی بچیوں کو دینا ہیں۔