Friday, April 26, 2024

عمران خان سمیت گیارہ افراد کیخلاف فارن فنڈنگ کا مقدمہ درج

عمران خان سمیت گیارہ افراد کیخلاف فارن فنڈنگ کا مقدمہ درج
October 12, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت گیارہ افراد کیخلاف فارن فنڈنگ کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ایف آئی اے کے کارپوریٹ بنکنگ سرکل نے فارن ایکسچینج ایکٹ کی مبینہ خلاف ورزی پر عمران خان سمیت 11 افراد کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کا مقدمہ درج کر لیا۔ سردار اظہر طارق، سیف اللہ نیازی، سید یونس، عامر کیانی، طارق شیخ، طارق شفیع اور دیگر کے خلاف درج مقدمے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا نجی بینک میں اکاونٹ تھا، نامزد افراد نجی بینک اکاونٹ کے بینفشری ہیں۔

مقدمے میں نامزد بنک منیجر پر الزام ہے کہ انہوں نے نیا پاکستان کے نام پر بنائے گئے بینک اکاونٹ کے قانونی طور پر آپریٹ کرنے کی اجازت دی۔ بینک اکاونٹ میں ابراج گروپ آف کمپنیز سے 21 لاکھ ڈالرآئے۔ تحریک انصاف نے عارف نقوی کا الیکشن کمیشن میں بیان حلفی جمع کرایا جو جھوٹا اورجعلی ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ووٹن کرکٹ کلب سے دو مزید اکاونٹ سے رقم وصول ہوئی جس کیلئے نجی بینک کے سربراہ نے مشتبہ غیر قانونی تفصیلات میں مدد کی۔

دوسری طرف اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے سلسلے میں ایف آئی اے لاہور میں درج مقدمہ کے خلاف پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کیا ہے۔عدالت نے ایف آئی اے کو پی ٹی رہنما عمر ایوب کے خلاف تادیبی کاروائی سے روکتے ہوئے 19 اکتوبر کوآئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔