Thursday, April 18, 2024

شہباز گل کو ذہنی اور جسمانی طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، عمران خان

شہباز گل کو ذہنی اور جسمانی طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، عمران خان
August 19, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ شہباز گل کو ذہنی اور جسمانی طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو شہباز گل کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر شدید تشویش ہے۔ سوشل میڈیا پر پیغام میں کہا شہباز گل کو ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، شہباز گل پر تشدد میں جنسی زیادتی بھی شامل ہے۔ شہباز گل کو توڑنے کیلئے ذلیل کیا گیا۔

عمران خان کا کہنا ہے میرے پاس معلومات ہیں، اگر اسلام آباد پولیس نے تشدد نہیں کیا تو کس نے کیا؟ ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ سوال یہ ہے تشدد کس نے کیا، یاد رکھیں عوام ردعمل دیں گے۔

پمز کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا سیاسی ورکر پر اس طرح کا تشدد کیا جاسکتا تو کسی پر بھی ہوسکتا ہے، ہمارا سوال ہے پولیس آخر کس سے آرڈر لے رہی ہے، عدالتی حکم کے باوجود شہباز گل سے نہیں ملنے دیا گیا، یہاں قانون کی حکمرانی ہے یا ڈنڈے کی؟

عمران خان کا مزید کہنا تھا چوروں کی غلامی کبھی قبول نہیں کریں گے، ان چوروں کی غلامی کرنے سے بہتر ہے زندہ ہی نہ رہیں، عمران خان نے شہباز گل پر تشدد کے خلاف ریلی کا اعلان کرتے عوام سے شرکت کی اپیل بھی کردی۔

عمران خان کو شہباز گل سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی، چیئرمین پی ٹی آئی شہباز گل سے ملاقات کیلئے پمز اسپتال پہنچے، اسلام آباد پولیس نے ملاقات کرانے سے انکار کردیا، لیگل ٹیم بھی قائل نہ کرسکی، تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد عمران خان کی آمد پر پمز پہنچی۔

چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعوان نے شہباز گل پر تشدد کیخلاف تحریک انصاف کی ریلی کا اعلان کیا، کہا ریلی کی قیادت عمران خان کریں گے، شہباز گل ہمارا اثاثہ ہیں، یہیں نہیں رکیں گے۔

پی ٹی آئی رہنماء فواد چودھری نے بھی شہباز گل پر تشدد کیے جانے کا الزام عائد کیا، کہا شہباز گل پر ذہنی جسمانی اور جنسی تشدد کیا گیا، کسی بھی شخص پر تشدد ناقابل قبول ہے۔

فواد چودھری نے مزید کہا کہ پوری پارٹی شہباز گل کے ساتھ کھڑی ہے، یہ رات جلد ختم ہوگی اور نئی صبح کا آغاز ہوگا۔

اس سے قبل عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں اجلاس ہوا، شہباز گل پر تشدد کیخلاف ردعمل، سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے قانونی ٹیم کو شہباز گل کا مقدمہ بھر پور انداز میں لڑنے کی ہدایت کی۔ پارٹی رہنماؤں کو راولپنڈی جلسے کیلئے بھر پور تیاریوں کی ہدایت کردی۔