Sunday, September 8, 2024

عمران خان شفافیت کے چیمپئن بنتے ہیں، فارن فنڈنگ کیس نے یہ میک اپ دھو دیا، احسن اقبال

عمران خان شفافیت کے چیمپئن بنتے ہیں، فارن فنڈنگ کیس نے یہ میک اپ دھو دیا، احسن اقبال
January 4, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) رہنما نون لیگ احسن اقبال کا کہنا ہے عمران خان شفافیت کے چیمپئن بنتے ہیں۔ فارن فنڈنگ کیس نے پی ٹی آئی کا یہ میک اپ دھو دیا۔

احسن اقبال نے کہا تحریک انصاف نے دو درجن سے زائد اکائونٹس کی تفصیل الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کروائی۔ تحریک انصاف کی چوری اسٹیٹ بنک کے ذریعے پکڑی گئی۔ عمران خان مسٹر کلین بنے پھرتے ہیں۔ عمران خان اور پی ٹی آئی نے ایمانداری کا میک اپ لگا رکھا ہے۔ فارن فنڈنگ کیس میں یہ میک اپ اتر گیا ہے۔ بتائیں ایسی کونسی فنڈنگ ہے جس پر پردہ ڈالنے کیلئے اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ خفیہ رکھنے کی استدعا ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا آج تحریک انصاف نے درخواست دی کہ رپورٹ پبلک نہ کی جائے۔ تحریک انصاف کو کس چیز کا خوف ہے۔ تحریک انصاف کی درخواست کراس ایف آئی آر کے مترادف ہے۔ گاوں میں جب کسی کا قتل پکڑا جائے تو وہ کراس ایف آئی آر کرواتا ہے۔

احسن اقبال بولے مسلم لیگ ن نے کوئی فارن فنڈنگ اکاؤنٹس الیکشن کمیشن سے نہیں چھپائے۔ آج تک تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کی بدعنوانی کا کوئی ثبوت الیکشن کمیشن کو نہیں دیا۔

 ادھر رہنما نون لیگ عطا تارڑ نے فارن فنڈنگ کیس میں وزیراعظم عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا فارن فنڈنگ کیس میں سکروٹنی کمیٹی نے جو رپورٹ دی ہے اس پر عمران مستعفی ہو کر گھر چلے جائیں۔ الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کرے کہ کتنا پیسہ کتنے اکاؤنٹس میں آیا۔