Saturday, July 27, 2024

عمران خان سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

عمران خان سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
July 5, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں مرکزی سینئر نائب صدر فواد چودھری اور مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی بھی موجود تھے۔ چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ امیر ممالک کی جانب سے غریب ملکوں سے دولت کی غیرقانونی ترسیل کا سلسلہ بند کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا سرمائے کی غیر قانونی ترسیل ترقی پذیر ممالک کا بڑا مسئلہ ہے۔ دولت کی اس غیر قانونی ترسیل سے عالمی سطح پر معاشی ناہمواریوں کو فروغ ملتا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا فیکٹائی پینل اپنی رپورٹ میں اس معاملے کی نزاکت اجاگر کرچکا ہے۔ سرمائے کی یہ غیر قانونی ترسیل غریب ممالک کے باشندوں میں ہجرت کے رجحان کو ابھارتی ہے۔ غریب ممالک سے امیر ملکوں کی جانب ہجرت خود ترقی یافتہ ممالک کیلئے بڑے چیلنجز پیدا کرتی ہے۔ عدل و انصاف کا تقاضا ہے کہ عالمی سطح پر منی لانڈرنگ کے مؤثر انسداد کیلئے حکومتیں اقدامات اٹھائیں۔ برطانوی حکومت اس باب میں کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر کی جانب سے میزبانی پر چیئرمین تحریک انصاف سے اظہارِ تشکر کیا گیا۔