Friday, September 20, 2024

عمران خان پر قاتلانہ حملہ، مرکزی ملزم نوید کی نشاندہی پر مزید 2 ملزم وزیرآباد سے گرفتار

عمران خان پر قاتلانہ حملہ، مرکزی ملزم نوید کی نشاندہی پر مزید 2 ملزم وزیرآباد سے گرفتار
November 4, 2022 ویب ڈیسک

وزیرآباد (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات میں پیشرفت سامنے آگئی، گرفتار مرکزی ملزم نوید کی نشاندہی پر مزید دو ملزم وزیرآباد سے گرفتار کرلیے گئے۔

عمران خان پر قاتلانہ حملے کے شبہ میں وزیرآباد سے مزید 2 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ وقاص اور ساجد بٹ نامی افراد کو گرفتار ملزم نوید کی نشاندہی پر پکڑا گیا۔

پولیس کے مطابق وقاص اور ساجد نے ملزم نوید کو 20 ہزار روپے کے عوض پستول اور گولیاں فراہم کی تھیں، پستول بھی بغیر نمبر اور بغیر لائسنس کے تھا۔

دوسری طرف ملزم نوید کا ایک اور ویڈیو بیان سامنے آگیا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم نشے کا عادی ہے، ابتدائی بیان پر یقین نہیں کیا جا سکتا، ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ بھی کروایا جا سکتا ہے۔

ملزم نوید کے اہل خانہ بھی پولیس کی حراست میں ہیں، فائرنگ کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ پستول سے آٹھ گولیوں کا برسٹ چلا، جس کے بعد ایک گولی پھنس گئی تھی۔