Sunday, May 5, 2024

عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ

عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ
November 9, 2022 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

امریکا نے ایک بار پھر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں، تمام فریقین سے کہتے ہیں تشدد، ہراسانی اور دھمکیوں سے احتراز کریں۔

نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کو جمہوری اور پُرامن دیکھنے کا عزم رکھتا ہے، ہم پاکستان کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ گزشتہ چند روز میں پاکستان میں جو ہوا اس پر تشویش ہے۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ عالمی حقوق جیسے اظہار رائے اور احتجاج کی آزادی کو ملحوظ رکھنا چاہیے، آزادی صحافت اور رائے پر تمام ممالک کے ساتھ خدشات اٹھاتے رہتے ہیں جبکہ پاکستانی حکام کے ساتھ بھی اس آزادی صحافت سے متعلق بات کرتے رہیں گے، آزادانہ صحافت کسی بھی قوم اور جمہوری مستقبل کے لیے اہم ہے۔