اسلام آباد (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر حملے کے خلاف احتجاج کرنے والے تحریک انصاف کے 250 رہنماؤں اور کارکنوں پر اسلام آباد میں مقدمات درج کرلیے گئے۔
لانگ مارچ میں کنٹینر پر فائرنگ اور عمران خان کو نشانہ بنائے جانے کے واقعہ کے خلاف فیض آباد میں ہنگامہ آرائی پر پی ٹی آئی کے رہنماؤں سمیت 250 افراد کے خلاف اسلام آباد میں دو مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔
پولیس کی مدعیت میں تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے میں پی ٹی آئی رہنماء علی احمد اعوان، عامر محمود کیانی، واصف قیوم عباسی اور چودھری شعیب کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے میں الزام عائد کیا گیا کہ ملزموں نے پولیس کے ساتھ مزاحمت کی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔ مظاہرین نے موٹرسائیکلز بھی جلائیں۔
مقدمے کے مطابق ملزموں نے پولیس اور ایف سی اہل کاروں پر ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کیا، ملزموں کے پتھراؤ سے 9 ایف سی، 5 پولیس ملازمین زخمی ہوئے۔ پولیس نے احتجاج کرنے والے 30 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔