Monday, May 6, 2024

عمران خان نے سپریم کورٹ سے توہین عدالت کی کارروائی ختم کرنے کی استدعا کر دی

عمران خان نے سپریم کورٹ سے توہین عدالت کی کارروائی ختم کرنے کی استدعا کر دی
November 16, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سپریم کورٹ سے توہین عدالت کی کارروائی ختم کرنے کی استدعا کر دی۔

توہین عدالت کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جواب جمع کرا دیا۔ عدالت سے توہین عدالت کی کارروائی ختم کرنے کی استدعا کر دی۔ مؤقف اپنایا کہ عدالت کے 25 مئی کے زبانی احکامات سے آگاہ نہیں تھا۔ سیاسی کارکنان سے عدالتی احکامات کا پتہ چلا جبکہ کارکنان کو میڈیا کے ذریعے عدالتی حکم کا معلوم ہوا۔ عدالت کے حکم کی خلاف ورزی نہیں کی۔ یہ بھی کہا کہ چھچھ انٹر چینج پر میری مکمل تقریر عدالت میں نہیں چلائی گئی۔ کارکنان سے ملنے معلومات پر ہی کارکنان کو ڈی چوک پہنچنے کی کال دی۔

عمران خان نے تحریری جواب میں بتایا کہ کارکنان نے میڈیا پر خبر سن کر بتایا کہ سپریم کورٹ نے رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دیدیا۔ عدالتی حکم پر وزارت داخلہ اور اسلام آباد انتظامیہ نے وکلاء کیساتھ میری ملاقات نہیں کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی رہنما اسد عمر نے وکلاء کو ہدایات اسلام آباد میں ایک بجے دی تھی  جسکے بعد انہوں نے ولی انٹر چینج مردان پر لانگ مارچ کو جوائن کیا۔ اسد عمر کا ہدایات دینے کے بعد وکلاء سے کوئی رابطہ جامرز کی وجہ سے نہ ہو سکا۔ عمران خان نے کہا کہ نادانستہ طور پر اٹھائے گئے قدم پر افسوس ہے۔

پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے بھی اپنا جواب جمع کرا دیا کہا، اسد عمر نے زبانی ہدایات دی، جس پر سپریم کورٹ کو یقین دہانی کرائی۔ عدالت کو ارادی یا غیر ارادی طور پر گمراہ نہیں کیا۔ جواب میں عدالت سے توہین عدالت کی کارروائی ختم کرنے کی استدعا کر دی۔