Thursday, May 2, 2024

عمران خان نے مجرمانہ عمل کیا کوشش کریں گے اسے گرفتار کریں، رانا ثنا اللہ

عمران خان نے مجرمانہ عمل کیا کوشش کریں گے اسے گرفتار کریں، رانا ثنا اللہ
March 1, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے مجرمانہ عمل کیا کوشش کریں گے اسے گرفتار کریں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن میں عوام ووٹ کی طاقت سے اسے مائنس کریں گے، سپریم کورٹ کا فیصلہ اختلاف رائے سے آیا، تین کے مقابلے میں چار ججز نے از خود نوٹس سے اختلاف کیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت عدالت کے فیصلوں کو تسلیم کرے گی، معاملہ ہائیکورٹس میں زیرسماعت ہے۔  

اے پی پی: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے فرد جرم عائد کرنے کے عمل کو آگے بڑھانے کے لئے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرائیں گے، آئندہ عام انتخابات میں پاکستان کے عوام ووٹ کی طاقت سے عمران خان کو پاکستان کی سیاست سے ہمیشہ کے لئے مائنس کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے سینکڑوں پیشیاں عدالتوں میں بھگتیں دوسری جانب عمران خان عدالتوں پر وقفے وقفے سے حملہ آور رہے، بدبخت عمرانی ٹولے نے ہائیکورٹ اور جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کیا ہے ، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں دراصل یہ عدلیہ کو مرعوب کرنے کی کوشش ہے، اس واقعہ پر دو الگ الگ مقدمات درج کر لئے گئے ہیں جن میں دہشت گردی کی دفعات لگائی گئی ہیں، ان مقدمات میں 150 لوگوں کو نامزد کیا گیا ہے اب تک 29گرفتاریاں ہوچکی ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اس مجرمانہ فعل کا اصل منبیٰ عمران خان ہے، وہ ملک میں افراتفری، انارکی چاہتا ہے، پوری قوم کو اس کا مکروہ فتنہ پرور چہرہ نظر آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 دھرنے میں عمران خان نے تھانوں پر حملے اورافسروں کو دھمکیاں دیں، عمران خان کا مجرمانہ کردار کھل کر سامنے آگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاسی فلاسفی یہ ہےکہ مخالفین کے ساتھ مل بیٹھنے کی بجائے مرنے کو ترجیح دیں گے۔

سوال کے جواب میں کہا کہ گرفتار ہونے والے افراد میں مسلح افراد بھی شامل ہیں، اس میں ایک صوبے کے پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔