Friday, May 3, 2024

عمران خان نے محسن نقوی کو پی ٹی آئی کا بدترین دشمن قرار دے دیا

عمران خان نے محسن نقوی کو پی ٹی آئی کا بدترین دشمن قرار دے دیا
January 23, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - سابق وزیراعظم عمران خان نے نگراں وزیر اعلی محسن نقوی کو پی ٹی آئی کا بدترین دشمن قرار دے دیا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نگراں وزیر اعلی کی تعیناتی کیخلاف کل سے احتجاج اور عدالت سے رجوع کا اعلان کردیا۔

کہتے ہیں جتنا بد دیانت یہ الیکشن کمیشن ہے، اتنا کبھی نہیں دیکھا، الیکشن کمیشن نے ہمیشہ تحریک انصاف کیخلاف فیصلے دیئے، حکومت گرانے میں محسن نقوی کا سابق آرمی چیف کے بعد اہم ترین کردار ہے۔

عمران خان نے کہا کہ محسن نقوی کو آصف زرداری نے بیٹا بنا رکھا ہے، اس نے نیب کو 35 لاکھ روپے واپس کیے، اس میں کوئی اخلاقی معیار ہے نہ غیر جانبدارانہ صلاحیت۔

انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کے پیچھے وہ لوگ ہیں جنہوں نے عمران خان پرکاٹا لگایا ہوا ہے، نیب زدہ شخص پنجاب کا وزیراعلی بن گیا، اب بھی اپنی آواز نہ اٹھائی توبہت نقصان ہوگا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ محسن نقوی ان کے مخالف پولیس افسروں اوربیوروکریٹس کو لائے گا، دھاندلی سے پی ٹی آئی کو ہرانے کامنصوبہ بنایا جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ انہوں نے کبھی اس سے زیادہ بددیانت الیکشن کمیشن نہیں دیکھا، صاف شفاف انتخابات نہ ہوئے تو ملک کے حالات اس طرف جائیں گے جسے کوئی کنٹرول نہیں کرسکے گا۔