Thursday, April 25, 2024

عمران خان نے لانگ مارچ کیلئے وزیراعلی ہاؤس پشاور میں کارکنوں سے حلف لے لیا

عمران خان نے لانگ مارچ کیلئے وزیراعلی ہاؤس پشاور میں کارکنوں سے حلف لے لیا
October 4, 2022 ویب ڈیسک

پشاور (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لانگ مارچ کیلئے وزیراعلی ہاؤس پشاور میں کارکنوں سے حلف لے لیا۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان پارلیمانی پارٹی سے خطاب کے لئے پشاور پہنچے تو پرجوش خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ملک کی حقیقی آزادی کے لئے کھڑا ہونے کا وقت ہے۔ چوری کے تمام کیسز معاف ہو رہے ہیں۔ اپنا راستہ صاف کرنے کے لئے اب وہ میرے خلاف جھوٹے کیسز بنا رہے ہیں۔ کارکن سن لیں کسی بھی وقت حقیقی آزادی مارچ کے لئے کال دے سکتا ہوں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آج قوم کے لئے ٹرننگ پوائنٹ ہے۔ قوم کو اپنے مستقبل کے لئے نکلنا ہو گا۔ مہنگائی کا بہانہ بنا کر اقتدار میں آنے والوں نے اب مہنگائی کا طوفان کھڑا کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی کسی کے ساتھ ذاتی لڑائی نہیں، قوم کے مستقبل کے لئے کھڑے ہیں۔ حکمران چوری چھپانے آئے ہیں، مرضی کے فیصلے کروانے کے لئے نیب پر اپنا آدمی بٹھا دیا ہے۔

تقریب کے دوران عمران خان نے کارکنوں سے حقیقی آزادی مارچ میں شرکت سے متعلق حلف لیا۔ سابق گورنر شاہ فرمان نے حلف نامہ پڑھا۔

عمران خان نے تمام ایم این ایز، ایم پی ایز اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ حقیقی آزادی کی تحریک میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ سب نے حقیقی آزادی تحریک میں جہاد سمجھ کر حصہ لینا ہو گا۔