Friday, March 29, 2024

عمران خان نے ہمارے خارجہ تعلقات کو نقصان پہنچایا، بلاول بھٹو

عمران خان نے ہمارے خارجہ تعلقات کو نقصان پہنچایا، بلاول بھٹو
September 29, 2022 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) - وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے عمران خان نے ہمارے خارجہ تعلقات کو نقصان پہنچایا۔

واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا غلطی عمران خان کرے اور سزا اسد مجید کو دوں، یہ نا انصافی ہو گی۔ اسد مجید اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں،غیر ذمہ دارانہ کام خان صاحب نے کیا۔ سیلاب کے علاوہ ہمارا ایجنڈا امریکہ کے ساتھ تعلقات کی بہتری تھا۔ امریکہ کے دورے پر وزیر اعظم کی دیگر رہنماوں سے ملاقاتیں ہوئیں۔ امریکا کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا سیلاب متاثرین کی مدد پہلا اور سیاست بعد کا کام ہے۔ سیلاب کی وجہ سے الیکشن کرانا ممکن نہیں ۔ الیکشن کا مطالبہ سیلاب زد گان کی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف ہو گا۔ افغان طالبان کو تنہا نہ کیا جائے، ان کے فنڈز جاری کیے جائیں۔ پاکستان اور بھارت کو موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مل کر کام کرنا چاہیے۔

وزیر خارجہ نے کہا حکومت اور اپوزیشن کو مل کر سیلاب متاثرین کی مدد کرنی چاہیے۔ اجناس بحران کا بھی سامنا ہے۔ سیلاب سے فصلیں تباہ ہو گئیں۔ ابھی تک جتنی بھی مدد ملی ، اس کے لیے دنیا کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا موسمیاتی تبدیلی کے مسائل پر اتفاق نہ ہوا تو نقصان دنیا کا ہو گا۔ موسمیاتی تبدیلی کے مسائل پر سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ زراعت، صحت اور دیگر شعبوں میں پیشرفت کا امکان ہے۔