Monday, May 6, 2024

حکومت نے عمران خان کی مذاکرات کی مشروط پیش کش مسترد کردی

حکومت نے عمران خان کی مذاکرات کی مشروط پیش کش مسترد کردی
December 3, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) – حکومت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی مذاکرات کی مشروط پیش کش مسترد کردی۔

ہفتہ کے روز لاہور میں شہباز شریف کی رہائشگاہ پر مسلم لیگ نون کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں عمران خان کی مذاکرات کی پیش کش پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن کی سینئر قیادت کے علاوہ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی شریک ہوئے اور قانونی معاملات پر بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان نے دھمکی آمیز پیشکش کی، مذاکرات عمران خان کی ضرورت ہیں، ہماری نہیں۔ بات چیت کرنی ہے تو ڈراوا دینے کی ضرورت نہیں۔ مذاکرات کا خود کہتے ہیں اور بتاتے ہوئے شرماتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ قانون سازی میں عمران خان سے تعاون کیا، ہر بار این آر او کا طعنہ دیا گیا۔ ملک کے وسیع تر مفاد میں بات چیت کرسکتے ہیں مگر دھمکیاں اور پیشگی شرائط ناقابل قبول ہیں۔

خواجہ سعد رفیق مزید بولے کہ پی ڈی ایم نے مذاکرات کا فیصلہ کیا تو ملکر جائیں گے۔

وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ بولے عمران خان ہمیشہ امپائر کو ساتھ ملا کر کھیلے، اب تیسری طاقت نے فیصلہ کرلیا ہے وہ سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے۔ ہم عمران خان کی سازشیں ایک ایک کرکے ناکام بنائیں گے۔