Saturday, April 20, 2024

پی ٹی آئی نے اب جو ڈیشل اسٹیبلشمنٹ ڈھونڈ لی ہے، مریم نواز

پی ٹی آئی نے اب جو ڈیشل اسٹیبلشمنٹ ڈھونڈ لی ہے، مریم نواز
March 26, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - مسلم لیگ نون کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے ملک میں ترازو کے پلڑے برابر نہیں ہیں ، عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کے بعد جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ ڈھونڈ لی ہے۔

اتوار کے روز مسلم نون کی لائرزونگ کے عہدیدران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیگمات اور بچوں کے کہنے پر فیصلے کئے جا رہے ہیں، اسے تھوک کے حساب سے ضمانتیں ملتی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ ناانصافیاں کیں گئیں، نواز شریف عدالتی فیصلوں کے لیے جی ٹی روڈ پر نکلے، نواز شریف نے ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ دیا۔ نواز شریف کے بیانیے کو آگے بڑھانے میں وکلاء کا اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کے لئے تیار ہیں لیکن لیول پلینگ فیلڈ چاہتے ہیں، ہم منتخب ہوکر آتے ہیں، سلیکٹ ہوکر نہیں آتے الیکشن سے بھاگ نہیں رہے، مقابلہ کریں گے اور جیتیں گے۔ پی ٹی آئی کی ساری سیاست تقرریوں کے گرد گھومتی ہے۔

،مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جتھوں کے ساتھ اداروں پر حملے کئے، ایک شخص نے قانون کو پاؤں تلے روند دیا، عدالت کے بلانے پر چھپ جاتا ہے کبھی پلاسٹرکا بہانہ بناتا ہے، عمران خان جب عدالت جاتا ہے، ضمانتوں کا ڈھیرلگا دیا جاتا ہے۔ عمران خان سے لاڈلے والا سلوک کیوں کیا جا رہا ہے؟

سینئر نائب صدرمسلم لیگ نون نے کہا کہ  نوازشریف کو ایکسپائر اقامہ اور بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پرنکالا گیا، توشہ خانہ کے تحائف کو دبئی میں فروخت کیا گیا، ممنوعہ فنڈنگ کیس کو 7 سال تک کھلنے نہیں دیا گیا، کون ہے جو عمران خان کو تحفظ دے رہا ہے؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ اب پی ٹی آئی نے چوڈیشل اسٹیبلشمنٹ تلاش کرلی ہے، نواز شریف نے 200 اور میں نے 100 پیشیاں بھگتیں، ریاست عمران خان کے کہنے پر نہیں چل سکتی۔