Tuesday, April 23, 2024

عمران خان معافی مانگنے کیلئے خاتون جج زیبا چوہدری کی عدالت آئے، جج موجود نہیں تھیں

عمران خان معافی مانگنے کیلئے خاتون جج زیبا چوہدری کی عدالت آئے، جج موجود نہیں تھیں
September 30, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان معافی مانگنے کیلئے خاتون جج زیبا چودھری کی عدالت پہنچ گئے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ زیباچودھری رخصت پر تھیں۔

عمران خان دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیس میں سیشن عدالت پہنچے اور ضمانت ملنے کے بعد خاتون جج کی عدالت پیش ہو گئے۔ عدالتی عملے نے عمران خان کو بتایا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چوہدری رخصت پر ہیں۔ عمران خان نے ریڈر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خاتون جج کو بتانا عمران خان معذرت کرنے آیا تھا۔ آپ گواہ رہنا کہ میں خاتون جج سے معذرت کرنے آیا تھا۔ انہیں بتانا اگر کوئی دل آزاری ہوئی تو معذرت کرتا ہوں۔

عمران خان کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے کی۔ سابق وزیراعظم اپنے وکیل بابر اعوان کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ جج ظفر اقبال نے بابر اعوان سے استفسار کیا کہ کیا عمران خان پر الزام صرف ایماء کا ہے؟  وکیل عمران خان نے کہا ایماء بھی صرف لفظ کی حد تک ہے۔ اس سے زیادہ کچھ نہیں۔

جج ظفر اقبال کا کہنا تھا کہ پراسیکیوشن نے ایماء کی حد تک شواہد پیش کرنے ہیں۔ کیا ایماء کی حد تک آپکے پاس کوئی شواہد ہیں؟عدالت نے عمران خان کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔